بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہا ہے: رپورٹ

126

سرینگر۔30نومبر (اے پی پی):ایک طرف دنیا آج کیمیائی ہتھیاروں کے متاثرین کا عالمی دن منارہی ہے تو دوسری طرف غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے کشمیریوں کو قتل کررہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے اگرچہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی عائد ہے لیکن بھارت کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں عالمی کنونشن پر دستخط کرنے کے باوجود کشمیریوں کے خلاف ان کا استعمال کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعدد اموات ہوئی ہیں۔کشمیری نوجوانوں کی جھلسی ہوئی لاشیں اورپھر ان لاشوں کو اس خوف سے ورثاءکے حوالے نہ کرناکہ اس سے دنیا کو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا ثبوت مل جائے گا، بھارت کے خلاف ایک اور واضح ثبوت ہے۔دنیا کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ بھارت کے سامراجی منصوبوں نے جموں و کشمیر کو ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔بھارت کوبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ضرور سزا ملنی چاہئے خاص طور پر جب پوری دنیا اپنے کیمیائی ہتھیاروں کو تباہ یا غیر فعال کررہی ہے ، بھارت ان کی ذخیرہ اندوز کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ مظلوم اور شدید مشکلات سے دوچار کشمیری جو کئی دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہدکررہے ہیں، عالمی ضمیر کےلئے امتحان ہیں۔