اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے، اقوام عالم کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلئے کردار ادا کرے،کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دہائیوں سے دبایاجارہا ہے۔ی
وم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیشنل کالج آف آرٹس اسلام آباد کیمپ آفس میں منعقدہ پوسٹر نمائش کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان کشمیر کاز کے لئے کردار ادا کررہے ہیں،مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے،یہاں ہر تصویر میں بھارت کی جانب سے اس کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خون خرابے کو مختلف انداز میں اٹھایاگیا ہے،ہر تصویر ایک بہترین کہانی ہے۔اس میں جذبات کو سمویا گیا ہے۔
آرٹ دنیا میں اپنے جذبات پہنچانے کا ایک مؤثر ہتھیار ہے،یہ ایک قابل تحسین اقدام ہے۔یہ ایک انسانیت اور امن کا ہتھیار ہے جودنیا بھر میں مظالم پر فن وادبسے وابستہ لوگ اٹھاتے ہیں۔اس میں کسی قسم کا تعصب نہیں حقیقت آشکار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت گزشتہ سال کی نسبت کئی زیادہ ہے،بھارت میں انتخابات آرہے ہیں اور ہندوتوا کی پرچار آر ایس ایس کا پورا منصوبہ ہے،وہ ایودھیہ میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنا رہے ہیں، بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو کشمیر میں آرٹیکل 370 اے کو ختم کرنے کے اقدام کو تحفظ دے کر کلین چٹ دے دی ہے اور کشمیر میں جاری نسل کشی کو تحفظ دیا جارہا ہے ۔
یہ ایک خوفناک کاوش ہے۔انہوں نے پاکستانی عوام اور تارکین وطن سے اپیل کی کہ وہ دنیا کے سامنے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،کشمیر کی جہد مسلسل میں صرف آج کا دن ہی نہیں بلکہ ہر دن اہم ہے۔ہمارے تارکین وطن اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہر سال وہاں یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوٹیج آجاتی ہے لیکن کشمیر میں اس کا تصور ممکن نہیں۔وہاں کے لوگوں کی آواز سننا مشکل ہے۔لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں نےجدوجہد آ زادی میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے ،یہاں دہشت گردی سے روکنے کے لئے بھارت کو روکا نہیں گیا ،یوں یہ دہشت گردی پاکستان تک پہنچ گئی ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی را ، کینیڈا ا اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان میں بھی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دور کے یزید اور ہٹلر مودی کے جنگی جرائم اور دہشت گردی کے خلاف دنیا میں آگاہی کے لئے فنکار موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا اور خطے کا امن تنازعہ کشمیر کے پرامن حل سے وابستہ ہے۔دنیا کو اس تنازعہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کشمیریوں کی نسل کشی کو روکا جانا چاہیے۔