بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت بند کرے،اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کرائے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی) پاکستان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت بند کرے،جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نےبھارت کے اس دعوے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بھی اسے متنازعہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری …

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی) پاکستان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت بند کرے،جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نےبھارت کے اس دعوے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بھی اسے متنازعہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کاحق خودارادیت غصب کیا ہوا ہے جو اقوام متحدہ میں انہوں نے خود تسلیم کیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کیلئے ایک جمہوری نظام کا خواہاں ہے جہاں لوگوں کو آزادی اظہار رائے کا مکمل حق حاصل ہے اور وہ اپنے خواہشات کے مطابق اپنے لئے ایک نظام وضع کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم اور بربریت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1947ءکو مسلم کانفرنس کی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ کشمیر کی 80 فیصد آبادی ثقافتی،مذہبی، لسانی، جغرافیائی، معاشی اور معاشرتی طورپر ریاست پاکستان کا حصہ بننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں تقریروں، سوشل میڈیا، اخبارات اور جتنے بھی ذرائع ابلاغ ہیں ان پر پابندی عائد کررکھی ہے اور پورے کشمیر میں کرفیو نافذ کررکھا ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین بھی شامل ہیں، شدید ترین ظلم وستم برداشت کرنے کے باوجود مضبوط حوصلے کے ساتھ سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیر میں اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق استصواب رائے منعقد کرنا چاہئے۔

Leave a Reply