بھارت مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اورتلاشی کی کاروائیوں اور چھاپوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلا رہا ہے، حریت کانفرنس

62
Srinagar

سرینگر ۔28ستمبر (اے پی پی):غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج اور خفیہ ایجنسیاں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں دہشت اور خوف کا ماحول پیدا کر رہی ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر میں مجلس عاملہ کے اجلاس میں کہا کہ بھارتی فوجی اور بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے کے اہلکار مودی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے تحت آزادی پسند کشمیریوں کو خاص طور پر نشانہ بنا رہے ہیں۔ تاہم اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بھارت کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے میں ہرگزکامیاب نہیں ہوگا۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر مجبور کریں۔ادھرپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آنے کی صورت میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے کسی بھی حکومت کو منتخب کرنے کا نظام ختم کر دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے سے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مودی حکومت کی پالیسیوں کے تضادات کو بے نقاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ اگر دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ، جیسا کہ مودی حکومت دعویٰ کر رہی ہے،تو مقبوضہ علاقے میں انتخابات کیوں نہیں کرائے جارہے ہیں

انہوں نے کہاکہ در اصل حقیقت یہ ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے کشمیر میں کئے گئے تمام تجربات بری طرح ناکام ہو گئے ہیں ۔معروف آزادی پسند کشمیری رہنما اشفاق مجید وانی شہید کے والد عبدالمجید وانی مختصر علالت کے بعد آج سرینگر میں وفات پا گئے ۔ان کی عمر 85برس تھی اور وہ ایک انجینئر تھے۔ ان کی نماز جنازہ سرینگر کے علاقے سرائے بالا میں ادا کی گئی اور انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے ایک بیان میں ان کی وفات پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

عبدالمجید وانی کو کشمیر کاز کے لیے ان کے خاندان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیاگیا۔ اشفاق مجید وانی کو بھارتی فوج نے 30 مارچ 1990 کو سرینگر میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کر دیا تھا۔دریں اثنا ء ضلع کولگام کے علاقے بھان Bhan میں جمعرات کو پراسرار طورپر ایک شخص کی لاش ملی ہے۔