لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جی 20ممالک کی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اورہندوستان کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ کشمیر جو اِس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بنی ہوئی ہے، وہاں رہنے والوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔پوری امت مسلمہ کی نگاہیں اسلمی تعاون تنظیم پر لگی ہوئی ہیں جس کی سربراہی اس وقت مملکت سعودی عرب کے پاس ہے۔
سعودی عرب سے امت مسلمہ امید رکھتی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح ہندوستان میں مظلوم مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے پاکستانی و عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیر دنیا کا دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، جہاں ہندوستان گزشتہ سات دہائیوں سے غاصبانہ قبضہ کرکے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا مرتکب بنا ہواہے ،
نام نہاد جمہوری ملک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبائے بیٹھا ہے اور ریاست کی خود مختار حیثیت کو ختم کرکے وہاں مسلم اکثریت کو ختم کرنے کے لیے ملک کے دوسرے علاقوں سے انتہاپسند ہندوئوں اور پنڈتوں کو آباد کیا جارہا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے مظالم اور بربریت کا شکار ہوکر موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں۔ نوجوان آئے روز بھارتی فوج کے وحشیانہ تشدد کا شکار بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہی نہیں ہندوستان کی سرزمین پر بسنے والی کسی مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے وہاں محفوظ نہیں، انتہا پسند مودی سرکار کی آشیر باد سے ہندوتوا پر یقین رکھنے والے دہشت گرد ہندو تنظیموں کے کارندوں نے اقلیتوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ مذہبی جنونیت پورے بھارتی سماج پر غالب آچکی ہے،
جس کی وجہ سے مذہبی اقلیتیں وہاں قطعی طور پر محفوظ نہیں۔ مسلمان ، مسیحی ، سکھ کسی بھی مذہب کو ماننے والے انتہا پسند ہندوئوں کے مظالم سے محفوظ نہیں۔ایسے حالات میں جی 20میں شامل ممالک ان مظلوموں کی آواز بنیں۔ وہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خاص طور پر سعودی عرب جو اس وقت اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہ ہے ، پوری امت مسلمہ کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے، مملکت سعودی عرب امت مسلمہ کے قائد کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ہندوستان میں مظلوم مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے حق کے لیے پوری امت مسلمہ کی نگاہیں سعودی عرب پر لگی ہوئی ہیں۔
سعودی عرب کو چاہیے کہ ہمیشہ کی طرف امت مسلمہ کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوکر انہیں ان کا جائز حق دلانے کی کوشش کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان سے مقبوضہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات پر بات چیت کی حمایت کی ہے اور اس بت جو واضح کیا ہے کہ ہندوستان خطے کے امن کیلئے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے۔ اس حوالے سے اگر سعودی عرب اپنا کردار ادا کرتا ہے تو یہ پاکستان سمیت پوری اسلامی دنیا کے لئے اطمینان کا باعث ہوگا اور امید کی کرن ثابت ہوگی۔ پاکستان ہندوستان مذاکرات کا راستہ مقبوضہ کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے کشمیر کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں۔