بھارت میں منافرت پر مبنی جرائم کی شرخ خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

86

نئی دہلی ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارت میں2016ءسے منافرت پر مبنی جرائم کی شرح انتہائی بڑھ چکی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بھارت شاخ نے اپنی ویب سائٹ پر ” نفرت کو روک دو‘کے عنوان سے جاری اعداد وشمار میںکہا کہ رواں برس(2019)کے پہلے چھ ماہ میں بھارت میں نفرت پر مبنی جرائم کے 181واقعات ریکارڑ کیے گئے جو گزشتہ تین برس میں ہونے والے جرائم سے تقریباً د وگنا زیادہ ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھار ت شاخ کے ڈائریکٹر آکار پاٹل نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت میں جہاں لوگوںکو نسل ، مذہب ، ذات پات اور صنف کی بنیادوں پر نشانہ بنایا جاتا ہے پہلے اس طرح کے جرائم کے پیچھے کارفرما تعصب کو تعزیراتی قوانین کے ذریعے پہلے تسلیم کر لیا جائے اور پھر ان واقعات کی دستاویزت تیار کی جائیں۔ اعداد وشمار میں کہا گیا کہ رواں برس جنوری اور جون کے درمیان جن لوگوںکو نفرت پر مبنی جرائم کا نشانہ بنایا گیا ان میں 40 مسلمان، آدہیواسی 21، عیسائی 4جبکہ دیگر دلت ذات سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔