بھارت میں پاکستانی ہندوﺅں کے قتل کے واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے ،بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے،کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار

67

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ بھارت میں11 پاکستانی ہندوﺅں کے قتل کے واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور حکومت پاکستان اس معاملہ کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھائے ، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔ بھارتی شہر جودھ پور میں 11پاکستانی ہندوﺅںکے قتل کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت معاملہ کی شفاف تحقیقات کرائے مودی سرکار اپنی متعصبانہ پالیسیاں ختم کرے انہوںنے کہا بھارت میں پاکستانیوں کے قتل پر پوری قوم سوگوار ہے، سیکولر بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوگیا ہے بھارت کو 11 بے گناہ افراد کے قتل کا حساب دینا پڑے گا ، مودی اور بی جے پی نے انتہا پسند پالسی اختیار رکھی ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم بھارت میں شہریت کے متنازعہ بل کی بھی مذمت کرتے ہیں بھارت سٹیزن ایکٹ کے تحت اقلیتوں پر دباﺅ ڈال رہا ہے بھارت اس بل کو واپس لے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کی بھارتی سازش کی بھی مذمت کرتے ہیں ۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے ہندو کمیونٹی اپنے وطن سے محبت کرتی ہے اور ملک کے لئے قربانیاں دینے کے لئے تیار ہے ، ہم کشمیریوں سے مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہیں بھارت کشمیریوں کی آواز دبا کر دہشت گردی کر رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں ۔