اسلام آباد ۔ 02 دسمبر (اے پی پی) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کیساتھ غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہے،آپس میں مزاکرات ہی دونوں ملکوں کے پاس آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے،ہم نے جنگیں بھی لڑیں لیکن مسائل حل نہ ہو سکے اب اگر ہم مسائل کا حل چاہتے ہیں تو مذاکرات کرنا ہونگے، ہم بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو یہ ہماری طاقت ہے کمزوری نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بھارتی اخبار ”دی ہندو“ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کیساتھ غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیںلیکن جو بھی مذاکرات ہوں وہ کسی نتیجے پر پہنچنے چاہییں۔ہماری بنیادی شرط یہ ہے کہ مذاکرات جامع ہونے چاہیےں اور تمام معاملات پر بات چیت ہونی چاہیئے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے اس بیان کہ بات چیت اور دہشت گردی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے کے حوالے سے عبدالباسط نے کہا کہ اس قسم کی شرائط پاکستان کی جانب سے بھی عائد کی جاسکتی ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے جموں اور کشمیر کی صورتحال ،سیاچن سے فوجیں ہٹانے جیسی شرائط لگائی جاسکتی ہیں لیکن تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے تعطل کی وجہ سے دونوں ممالک ترقی نہیں کر رہے۔مذاکرات جنوبی ایشیاءاور پوری دنیا کی ضرورت ہے۔اس کیلئے ہم نے پہلے بھی انتظار کیا ور اب بھی کرینگے۔