بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا

100

نئی دہلی ۔ 03 فروری (اے پی پی) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے دوسرے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ میں شریک پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں استقبالیہ دیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر اور دوسرے حکام نے پاکستانی ٹیم کا استقبال کیا اور میگا ایونٹ میں شاندار کامیابیوں پر ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے شاندار استقبالیہ پر عبدالباسط کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ٹیم کے ورلڈکپ میں شرکت سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات بھی پہلے کی طرح بحال ہو جائیں گے۔