بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 3 لاکھ 57 ہزار تک پہنچ گئی

59

نئی دہلی ۔5جنوری (اے پی پی):بھارت میں مہلک کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 3 لاکھ 57 ہزار تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 201 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس دوران 16375 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر10357569 ہوگئی ہے جبکہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد232343 ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک149887 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ9975340 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے۔ ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت نے ہنگامی بنیادوں پر کورونا وائرس کے خلاف دو مختلف اقسام کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دےدی ہے۔ بھارت کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ آسٹرا زینیکا اور مقامی کمپنی بھارت بائیوٹیک کی تیار کردہ ویکسین کے کورونا سے تدارک کے لئے استعمال کی اجازت دی ہے۔ بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ سے زائد ہے۔