نئی دہلی ۔22اپریل (اے پی پی):بھارت میں مہلک کورونا وائرس کا پھیلاو انتہائی تیزی سے جاری ہے،گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 15 ہزار سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں یومیہ متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے کیس سامنے آنے کے بعد بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ59 لاکھ30 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید2101 افراد کی ہلاکت کے بعد مہلک وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے،
بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 15930965ہوگئی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 184672 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد2291814 ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر، تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ ادھر برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست مہاراشٹر میں 519 اموات ہوئی ہیں۔
اس دوران دارالحکومت نئی دہلی میں 28395 نئے کیسز درج کیے گئے جبکہ شہر میں 277 اموات ہوئی ہیں۔ شہرکے ہسپتالوں میں افراتفری کا عالم ہے اور ہسپتال کووڈ۔19 کے مریضوں سے پوری طرح بھر چکے ہیں اور آکسیجن کی شدید قلت ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو دارالحکومت دہلی میں آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل دہلی کے ایک ہسپتال نے الزام لگایا تھا کہ پڑوسی ریاست ہریانہ کے اہلکاروں نے اپنے دائرہ اختیار میں ایک پلانٹ سے ریاست سے باہر آکسیجن کی فراہمی کو روک دیا ہے جبکہ ہریانہ کے ایک وزیر نے دہلی کی حکومت پر ان کی ریاست کی آکسیجن چرانے کا الزام لگایا ہے۔ دہلی کی حکومت نے اس سے قبل ریاست اتر پردیش پر بھی دارالحکومت کو آکسیجن کی فراہمی روکنے کا الزام عائد کیا تھا۔