لندن۔24جنوری (اے پی پی):بھارت نے انگلینڈ کے نوجوان لیگ سپنر شعیب بشیر کو ویزا جاری کردیا، والدین کا تعلق پاکستان سے ہونے کے باعث شعیب بشیر کو ویزا میں تاخیر کے مسائل کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کھلاڑی شعیب بشیر بھارت کا ویزا بروقت نہ ملنے پر پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور دبئی سے واپس لندن چلے گئے۔
شعیب بشیر بھارت کا ویزا جاری ہونے کے بعد رواں ہفتے حیدرآباد میں انگلش ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ شعیب بشیر سرے میں پیدا ہوئے اور وہاں ہی پلے بڑھے ہیں تاہم والدین کا تعلق پاکستان سے ہونے کے باعث شعیب بشیر کو ویزا میں تاخیر کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے بھی بھارت کے اس رویے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ سٹوکس نے کہا کہ کسی نوجوان کھلاڑی کے ساتھ ایسا رویہ انتہائی مایوس کن ہے۔
واضح رہے کہ شعیب بشیر دورہ بھارت کے لئے انگلش ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ تھے اور دبئی میں سیریز کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ میں شامل تھے تاہم بھارت کا ویزا جاری نہ ہونے پر انگلش ٹیم شعیب بشیر کے بغیر ہی بھارت روانہ ہوگئی اور شعیب لندن واپس چلے گئے تھے۔