بھارت نے انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 25 رنز سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 3-1 سے جیت لی

53
بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی
بھارت نے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی

احمد آباد۔6مارچ (اے پی پی):بھارت نے اکثر پٹیل اور ایشون کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 25 رنز سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 3-1 سے جیت لی، اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی کوہلی الیون نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اکثر پٹیل اور روی چندرن ایشون نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

پٹیل کو میچ اور ایشون کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 294 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو واشنگٹن سندر 60 اور اکثر پٹیل 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آٹھویں وکٹ میں 106 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

اکثر پٹیل بدقسمت رہے اور 43 رنز بناکر رن آئوٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں بین سٹوکس نے آخری دونوں بلے بازوں کو صفر پر آئوٹ کرکے بھارتی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ واشنگٹن سندر 96 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 160 رنز کی برتری کے ساتھ 365 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ بین سٹوکس نے چار، جیمز اینڈرسن نے تین اور جیک لیچ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 10 کے مجموعی سکور پر روی چندرن ایشون نے مسلسل دو گیندوں پر اوپنر زیک کرالی اور جونی بیئرسٹو کو آئوٹ کرکے انگلینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ ڈوم سبلی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر پنٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

بین سٹوکس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ 65 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب اولی پوپ 15 رنز بنانے کے بعد اکثر پٹیل کی گیند پر پنٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں روی چندرن ایشون نے کپتان جو روٹ کو 30 کے مجموعی سکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔ ڈین لارنس اور بین فوکس نے ساتویں وکٹ میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔

فوکس 13 رنز بناکر اکثر پٹیل کی گیند پر راہانے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ ڈوم بیس اور جیک لیچ دو، دو رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ ڈین لارنس نے 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور ایشون کا نشانہ بنے۔

اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پٹیل اور ایشون نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔