بھارت نے ایشیاکپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے

106
بھارت نے ایشیاکپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے

کولمبو۔11ستمبر (اے پی پی):بھارت نے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔ پیر کو کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ، اس میچ میں سٹار بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے ایشیا کپ میں سب سے بڑی بھارتی شراکت کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا،

دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لئے 233 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، یہ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل1996 ء میں سچن ٹنڈولکر اور نوجوت سنگھ سدھو نے231 رنز کی شراکت قائم کی تھی،2018 ء میں ون ڈے کرکٹ میں روہت شرما اور شیکھر دھون نے 210 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین13000 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑا، انہوں نے سابق بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا۔ کوہلی نے ایشیا کپ میں کے ایل راہول کے ساتھ مل کر 94 گیندوں پر 122 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر تاریخ رقم کی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 47ویں سنچری تھی۔