بھارت نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست دے دی،میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل

165
India and England
India and England

راجکوٹ۔18فروری (اے پی پی):بھارت نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ، انگلش ٹیم 557 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے ہی روز اپنی دوسری اننگز میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، روندرا جدیجا نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، جیسوال نے 214 رنز کی دلکش اننگز کھیلی،جدیجا کوعمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنےپر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اتوار کوراجکوٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی دوسری اننگز 430 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے انگلینڈ کو جیت کے لیے 557 رنز کا ہدف دیا ، یشسوی جیسوال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 214 رنز بنائے ، دیگر بیٹرز میں شبمن گل 91 اور سرفراز خان 68 رنز بنا کر نمایاں رہے ، انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 39.4 اوورز میں 122 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ،

مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے ، زیک کرالی 11 ، بین ڈکٹ 4 ، اولی پوپ 3 ، جو روٹ 7 ، جونی بیئرسٹو 4 ، کپتان بین سٹوکس 15 ، بین فوکس 16 ، ریحان احمد صفر اور ٹام ہرٹلی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے تباہ کن بائولنگ کی اور پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، روندرا جدیجا کو پہلی اننگز میں 112 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے اور مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔