رباط۔9مئی (اے پی پی):مراکش میں پاکستان کے سفیر عادل گیلانی نے بھارت کوخبر دار کیا ہے کہ اگر اس نے جارحیت جاری رکھی تو پاکستان کا ردعمل سخت ہوگا۔ مراکشی اخبار "الصحافہ” کو دیئے گئے انٹرویو میں سفیر عادل گیلانی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ”عیار دشمن” قرار دیا جو انتخابی فوائد کے لیے تنازعات کو ہوا دیتے ہیں۔ عادل گیلانی نے خبردار کیا کہ خطے میں سنگین تصادم کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا ”مناسب اور متناسب” جواب دے گا۔
سفیر عادل گیلانی نے مغربی صحارا کے معاملے پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی ایک حقیقت ہے اور اقوام متحدہ کے تحت تمام فریقین کے اتفاق رائے سے کوئی حل قابل قبول ہوگا۔ مراکش کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مراکش کے ساتھ دفاع، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔عادل گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کر رہے ہیں۔
بھارت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مودی حکومت کی سیاسی چال ہیں۔انہوں نے 2002 کے گجرات فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی پر مسلم مخالف رویوں کا پہلے سے الزام ہے۔
عادل گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست کے طور پر اپنے فرائض پورے کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے عالمی برادری کو بھارت کی جارحیت کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور اقوام متحدہ نے بھارت کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عادل گیلانی نے کہا کہ پاکستان تمام سفارتی چینلز کو کھلا رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595077