بھارت نے جموںوکشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری نوجوان قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کر رہے ہیں،مشترکہ حریت قیادت

82

سرینگر ۔06مئی (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ ،محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ بھارت نے جموںوکشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ظلم و جبر پر مبنی بھارتی پالیسی سے ایک خطر ناک صورتحال جنم لے رہی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل، آزادی پسند رہنماﺅں کی نظر بندی اورجبر وا ستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے شہریوں پر مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںہفتے کے روز سرینگر میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کر رہے ہیں۔