بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو ایسا جواب دیں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،وزیر دفاع پرویز خٹک

106

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) یکم مارچ:وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو ایسا جواب دیں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جنگ کے نہیں امن کے خواہاں ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن نہیں آ سکتا، مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور بالخصوص حسن صدیقی کو مبارکباد دیتا ہوں، ملک کی خاطر ہماری افواج نے ہر طرح کی قربانی دی ہے اور دیتے رہیں گے، اپوزیشن نے جس اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، اس کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ایسا ماحول آئندہ بھی برقرار رہے گا، وزیراعظم نے بھارت کو مضبوط پیغام دیا ہے، دشمن نے ہم پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا، ان کا خیال تھا ہم خاموش رہیں گے۔ انہوں نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، ہم نے دن کے اجالے میں جواب دے کر ثابت کر دیا، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، افواج پاکستان پر فخر ہے، حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے بھارت کو ایک بار پھر بیٹھ کر بات چیت کرنے کی دعوت دیتاہوں کیونکہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں، امن کے خواہاں ہیں تاکہ خطے میں خوشحالی آئے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں، پاکستان پر الزام لگانا صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک خطے میں امن نہیں آ سکتا، بڑے ملکوں کو کہتا ہوں کہ انسانیت کی فکر کریں اور دنیا کو نہ لڑائیں، اسلامی ممالک اور دنیا میں فساد ہی فساد ہے، آئیں بات چیت سے مسائل حل کریں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر دوبارہ حملہ کیا تو ایسا جواب دیں گے کہ تاریخ یاد کرے گی۔