بھارت نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 3 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا

110

ڈھاکہ۔25دسمبر (اے پی پی):بھارت نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا ، بھارت نے 145 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، روی چندرن ایشون نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، مہدی حسن میراز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ایشون میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، اتوار کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 45 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اگزر پٹیل 26 اور جادیو انادکت ایک رن پر کھیل رہے تھے۔

انادکت جادیو گزشتہ روز کے سکور میں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد شکیب الحسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، بھارت کو چھٹا نقصان 71 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب رشبھ پنٹ 9 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، اپنے اگلے اوور میں مہدی حسن میراز نے اگزر پٹیل کو 34 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر کے بھارت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا،

یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بنگلہ دیش جیت جائے گا مگر شریاس آئیر اور روی چندرن ایشون نے زمہ داری سے بیٹنگ کی آٹھویں وکٹ میں 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی ، روی چندرن ایشون نے 42 اور شریاس آئیر نے 29 رنز بنائے ، بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراز نے 5 اور شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ایشون میچ اور چیتشوار پجارا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔