بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی

60
بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی

برمنگھم۔6جولائی (اے پی پی):بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔ بھارتی کپتان شبمن گل اس فتح کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے پہلی اننگز میں 269 اور دوسری اننگز میں 161 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مجموعی طور پر 430 رنز اسکور کیے۔

ان کی اس غیر معمولی کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ کو 608 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف درکار تھا مگر میزبان ٹیم صرف 271 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

جیمی سمتھ نے 88 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی کوشش کی جبکہ ہیری بروک 23، کپتان بین سٹوکس 33 اور برینڈن کارس 38 رنز بنا سکے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ باؤلر اکاش دیپ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ واضح رہے کہ بھارت کی یہ بیرون ملک رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔