اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے اندر حملہ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا، پاکستان کی موثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، بھارت تحقیقات سے ہمیشہ بھاگتا رہا ہے، آج بھی حملہ کرنے آیا تو پھر بھاگ گیا۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں ، عورتوں، بچوں اور مساجد کو نشانہ بنایا جو جنگی اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا کئی گنا زیادہ جواب دیا، دشمن کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرائے جبکہ لائن آف کنٹرول پر متعدد بھارتی پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج بھارتی میڈیا نے بھی اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے گرائے گئے طیاروں کا ملبہ دکھایا، ہماری افواج نے دشمن کی حدود کے اندر کارروائی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دلیری سے صورتحال کا مقابلہ کیا ہے، پوری پاکستانی قوم آج اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کا کہا مگر بھارت اس سے بھی بھاگا، آج حملے کے بعد بھی اسی طرح بھاگا، پاکستان نے آج بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی میڈیا خود اعتراف کر رہا ہے کہ ان کے طیارے مار گرائے گئے، مزید نقصان کی تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف جنگی اہداف کو نشانہ بنایا، کسی شہری کو نشانہ نہیں بنایا گیا کیونکہ ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ اصولوں کی مکمل پابند ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جنگ کے بھی آداب ہوتے ہیں، دشمن بھی ہو تو کم ظرفی نہیں ہونی چاہئے کہ شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صحافیوں کے ایک وفد کو مریدکے اور بہاولپور لے جانے کا منصوبہ تھا تاکہ عالمی میڈیا کو دکھایا جا سکے کہ ان علاقوں میں کسی قسم کے دہشت گرد کیمپ موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے جس نے 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔
بھارت خود دہشت گردی میں ملوث ہے، وہ امریکہ، آسٹریلیا اور کینیڈا میں سکھوں کے قتل میں ملوث پایا گیا ہے جبکہ کلبھوشن یادیو جیسے دہشت گرد کو پاکستان میں گرفتار کیا گیا جو تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس نہ دلیل ہے نہ ثبوت اور پہلگام واقعہ مین ایف آئی آر واقعہ کے صرف دس منٹ بعد درج کی گئی جبکہ پولیس ڈیڑھ گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم نے عالمی میڈیا کے سامنے پاکستان کا موقف واضح طور پر رکھا جبکہ بھارت کا بیانیہ کہیں نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بدنیتی سے آیا تھا مگر جب مقابلہ پڑا تو دم دبا کر بھاگ گیا اور آج وہ سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593718