بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں خوفناک ماحول قائم کر دیا ہے ، حریت کانفرنس

60

سرینگر۔25مئی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جبری گرفتاریوں، پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ جیسے کالے قوانین کے وحشیانہ استعمال اور کورونا وبا کی آڑ میں کرفیوسے مقبوضہ علاقے میں خوفناک ماحو ل قائم ہوگیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے سیکرٹری پریس فیاض احمد بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وادی چناب میں کشمیری نوجوانوں کے خلاف پولیس کی کارروائی اور ضلع راجوری سے چار نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان وحشیانہ کارروائیوں کابنیادی مقصد ان دور دراز علاقوں کے لوگوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنا ہے ۔

انہوں نے ان ظالمانہ اقدامات کے باوجود جدوجہدآزادی کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کی پر امن جدوجہد کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ حریت کانفرنس کے سیکرٹری نے کہاکہ تاریخ اس تلخ حقیقت کی شاہد ہے کہ قابض فورسز دنیا بھرمیں آزادی کی کسی بھی تحریک کو شکست نہیں دے سکی ہیں اور کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے تنازعہ کشمیر کے جلد از جلد حل کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جبری گرفتاریوں ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بنیادی حقوق سے انکار کا سخت نوٹس لیں اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات شروع کرنے کی غرض سے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔