
اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان اور پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر سے بے رحم کرفیو کواٹھوانے کے لئے تمام سفارتی ذرائع استعمال کرے گی۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے جہاں گذشتہ 67 دنوں سے کرفیو نافذ ہے اور تمام مواصلاتی ذرائع بھی بند کر رکھے ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب کیا ہے، انہوں نے پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو اتنے موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مقبوضہ وادی میںکرفیو زیادہ دن نہیں چل سکے گا اور اس کے خاتمے کے بعد بھارت کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اہم سٹیک ہولڈر ہیں اور انہوں نے 5 اگست کو کشمیر کے متعلق غیر آئینی بھارتی اقدام کو مسترد کردیا تھا۔