24.9 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومقومی خبریںبھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ...

بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے ، حنیف عباسی

- Advertisement -

راولپنڈی۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا نمبر ون دہشت گرد ہے، اگر نریندر مودی نے ہمارا پانی بند کیا تو ہم اس کی سانس بند کر دیں گے، پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج تعینات کی گئی ہے لیکن پھر بھی پہلگام واقعہ کیسے رونما ہو گیا؟ اصل میں پہلگام بہانہ ہے، سندھ طاس معاہدہ نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد ہندوستان اور اسرائیل ہیں۔

بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ برما، انگلینڈ، کینیڈا اور امریکا میں بھی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے بھی اپنی پارلیمنٹ میں مودی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت نے بھارت کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور بھارتی عوام کو اب ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جعلی مقابلوں میں 1500 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ بھارت جعلی انکاؤنٹر کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گجرات میں مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ 2014 کے بھارتی انتخابات میں بہار میں مسلمانوں کا قتل عام کرایا گیا جس میں مودی سرکار براہ راست ملوث تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے لیکن پاکستان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستان اپنے دریاؤں کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور قوم اپنے حق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔

ہم نے شاہین اور غوری بھارت کے لیے رکھے ہیں، ہمارے تمام میزائلوں کا رخ بھارت کی طرف ہے۔ بھارت ایک میزائل فائر کرے گا تو ہم جواب میں 200 فائر کریں گے اور بھرپور طریقے سے اپنی جغرافیائی حدود کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آپس میں کسی بھی طرح کے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن بحیثیت قوم بھارت کے خلاف متحد و منظم ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ پاکستان خود کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد سویلین جبکہ 12 ہزار کے قریب ہمارے فوجی شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں دنیا بھر میں تسلیم کی جاتی ہیں۔ پاکستان امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے قومی سلامتی کونسل کی جانب سے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ تجارتی برادری نے آج فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان نے عالمی فورم پر مسئلہ فلسطین کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں میں فلسطین کے حق میں مؤثر آواز بلند کی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588289

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں