بھکر۔ 05 اگست (اے پی پی):بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس جبر کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کے خلاف ملک بھر کی طرح ضلع بھکر میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5اگست کو یوم استحصال کے طور پر منایا گیا ۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر کی زیر قیادت ایک احتجاجی ریلی ڈی سی آفس سے جھنگ موڑ تک نکالی گئی۔ اس موقع پر ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی بھی موجود تھے۔ ریلی میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،اے سی بھکر رانا غلام مرتضیٰ،ضلعی امن کمیٹی کے ممبران قاری عبد الشکور،سید آصف رضا عابدی،سید قیصر عباس نقوی،ملک مظفر اعوان،سرکاری محکموں کے افسران،انجمن تاجران کے نمائند گان،سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے احتجاجا بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھی ہوئی تھیں۔ریلی کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست ایک تاریخی ناانصافی کا دن ہے جس دن بھارت کی جانب سے ایک آزاد قوم کو غلام بنانے کی مذموم کوشش کی گئی جس میں بھارت اب تک کامیابی حاصل نہیں کرسکا اور نہ ہی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نے میں کامیاب ہوسکا ہے۔اس موقع پر ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی نے کہا کہ بھارت آج بھی کشمیر میں وحشیانہ کارروائیوں اور دھونس و دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے اور بھارت نے مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہوئی ہے جس پر عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کی جنگ خون کے آخری قطرہ تک جاری رکھیں گے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھائے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔