بھارت نے کینیڈا کی خودمختاری میں جارحانہ مداخلت کی، وزیراعظم ٹروڈو کا انکوائری کمیشن میں بیان

94
Canadian Prime Minister Justin Trudeau
Canadian Prime Minister Justin Trudeau

اوٹاوا۔17اکتوبر (اے پی پی):کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارت نے ان کے ملک کی خودمختاری میں مداخلت کر کے ایک خوفناک غلطی کی ہے۔ اردو نیوز نے برطانوی اخبار دی گارڈین کے حوالے سے بتایا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے غیرملکی مداخلت کے معاملے پر گزشتہ روز انکوائری کمیشن کے سامنے گواہی میں کہا کہ بھارتی حکومت نے یہ سوچ کر خوفناک غلطی کی ہے کہ وہ کسی خودمختار ملک کے معاملات میں اس حد تک جارحانہ مداخلت کر سکتی ہے جیسا کہ انہوں نے کینیڈا کے تحفظ اور خودمختاری میں کی۔

ہمیں کینیڈا کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا بھارت کے ساتھ اپنے قیمتی تعلق کو تباہ نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد ہمیں واضح اور اب مزید واضح اشارے ملے ہیں کہ بھارت نے کینیڈا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو اکسانا یا اس کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے۔

اپنی گواہی میں جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مخالف سیاسی جماعت کنزرویٹیو پارٹی بھی غیر ملکی مداخلت کی کوششوں میں شامل تھی یا شمولیت کاانتہائی خطرہ موجود تھا۔ اس سے قبل کینیڈا کی پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی سفارتکاروں نے کرمنل نیٹ ورک کے ساتھ مل کر سکھوں کو نشانہ بنایا ہے تاہم بھارت نے تردید کی ہے۔