اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے5 اگست 2019 کو، غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیاں کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ ان کارروائیوں کا مقصد بلا روک ٹوک بے لگام طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اس متنازعہ علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کی ان خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ہے اور کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی فورمز سے رجوع کیا ہے۔ ہم واضح طور پر بھارت کے تمام اقدامات کو مسترد کرتے ہیں اور کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے ان پر مظالم، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی سہولیات کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی اور انصاف کے حصول تک پاکستان آرام سے نہیں بیٹھے گا۔
ہم بین الاقوامی کنونشنز کے مطابق کشمیر کی بطور ریاست خصوصی حیثیت کی بحالی اور اس کے عوام کے لیے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس دن پر، ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ان کے حقوق اور آزادی کے لیے آ وازاٹھانے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490624