سوات۔ 31 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے پراکسی وار میں مصروف ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی پاسپورٹ کےلیے عالمی احترام میں بہتری آئی ہے۔ ہفتہ کو سوات مینگورہ میں پشاور ہائی کورٹ منگورہ بینچ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے آزادی کے بعد سے پاکستان پر پہلے ہی تین جنگیں مسلط کی ہیں اور اب وہ ہمارے ملک کے خلاف پراکسی وار جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں سرحد پار بلااشتعال جارحیت میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنایا اور اس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھ بھارتی طیارے، جن میں رافیل جیٹ بھی شامل تھے، مار گرائے اور دشمن ملک کی فوجی تنصیبات کو تباہ کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن امن کی اس خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، بھارت کی جانب سے کسی بھی مزید جارحیت کا مضبوط اور پیشہ ورانہ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے قوم کے شہداء کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کے دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے مظلوم کشمیری عوام کےلیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا جو بھارتی ریاستی جبر کا شکار ہیں۔ انہوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی، کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان کے خلاف بھارت کے الزامات کی کوئی وقعت نہیں، مودی حکومت کو اب بھارت کے اندر سے بھی تنقید کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر نے پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بار کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وکلاء برادری کو ان کے جائز مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے فوری انصاف کی فراہمی اور آئینی اقدار کو مضبوط بنانے میں وکلاء کے اہم کردار پر زور دیا اور بینچ اور بار کے درمیان زیادہ تعاون کا مطالبہ کیا۔ حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی پاسپورٹ کےلیے عالمی احترام میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، لوڈشیڈنگ ختم کی اور موٹر ویز کا نیٹ ورک قائم کیا،اس کے علاوہ سوات میں جدید کڈنی ہسپتال بھی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ میں ٹیکس سے متعلق خدشات کو دور کرنے اور وزیراعظم کے ساتھ خطے کی خصوصی حیثیت پر بات چیت کےلیے کوششیں جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے بار ایسوسی ایشن کےلیے 5 ملین روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا جو سولر سسٹم اور کمپیوٹر نصب کرنے کےلیے استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پارکنگ اور ہاسٹل کی سہولیات کو اگلے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے پاکستان تحریک انصاف کی ناقص حکمرانی پر تنقید کی اور اسے بے مقصد احتجاج کی بجائے عوامی بہبود کے عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے عوامی خدمت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے کھلا ہے اور وہ خود کو ان کے سامنے مکمل طور پر جوابدہ سمجھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603748