23.8 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومقومی خبریںبھارت پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگا کر جنگ مسلط کرنا...

بھارت پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگا کر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے،ہمیں بحیثیت قوم متحد ہونا ہو گا، قیصر احمد شیخ

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ بھارت دیدہ دلیری کے ساتھ بغیر ثبوت پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگا کر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، ورلڈ بینک آبی معاہدے کا ضامن ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کو کسی کی پراوہ نہیں، ہمیں بحیثیت قوم متحد ہونا ہو گا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مکاری کی ہے اور آج سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پرمعطل کرکے آبی جارحیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چناب کا پانی کم کر دیا گیا ہے جس کے خلاف آج چنیوٹ کے عوام نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا، ملک کے دیگر علاقوں میں بھی افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بہتان بازی کر رہا ہے اور آئی ایم ایف کو کہہ رہا ہے کہ پاکستان کو قرضہ نہ دے ، اس وقت بھارت کو اپنے زیادہ دفاعی بجٹ کا غرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج کو مضبوط کرنا ہو گا، افواج پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور انشاء اﷲ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے، ہمیں متحد ہو کر متفقہ پیغام دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر بھارت نے ناجائز طور پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ہمیں اقوام متحدہ اور دیگر فورمز پر بھی جانے کی ضرورت ہے تاکہ اپنا نقطہ نظر دنیا کے سامنے پیش کر سکیں اور بھارتی جھوٹے دعوئوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

- Advertisement -

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592883

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں