20.5 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومعلاقائی خبریںبھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و...

بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری ہندوستان کو جارحانہ اقدامات کرنے سے روکے،صدرآزادکشمیر

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 04 مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پہلگام واقعہ کی مذمت اور اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایسے فالس فلیگ آپریشن سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کوتقویت ملتی ہے بلکہ بھارت کے مکروہ عزائم بھی دنیا کے سامنے آشکار ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کویہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حریت کانفرنس کے وفد میں کنونیئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، میڈم شمیم شال، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، میاں مظفر، شیخ عبدالماجد، سید گلشن، منظور احمد ڈار، عدیل مشتاق وانی شامل تھے۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے صدر آزادکشمیرکو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعہ کے بعدکشمیریوں پر بھارت کی طرف سے جاری بربریت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

- Advertisement -

صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر کچلنا چاہتا ہے لیکن بھارت آج تک اپنے اس ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہو سکا، مقبوضہ کشمیر کے غیر مسلح عوام نے اپنے خون کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہواہے، بھارت اپنی ناکامی کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کر رہا ہے، ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کوایسے جارحانہ اقدامات سے روکے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کومظلوم کشمیری عوام کی مرضی و منشا کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی اور اس سلسلے میں بیرون ملک آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کرمزید متحرک انداز میں بین الاقوامی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر کنوینر غلام محمد صفی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان رہنماؤں میں نمایاں ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور حریت کانفرنس کے ساتھ ان کے ہمیشہ قریبی اور مثالی تعلقات رہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔

کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے، جس کا وعدہ خود اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کر رکھا ہے۔ وفد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ادراک کرے اور کشمیریوں کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592461

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں