بھارت کاپاکستان کے خلاف ورلڈکپ مقابلوں میں ناقابل شکست ریکارڈبرقرار

61
بھارت کاپاکستان کے خلاف ورلڈکپ

احمدآباد۔14اکتوبر (اے پی پی):بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر آئی سی سی ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کی روایت برقرار رکھی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ مقابلوں کی تاریخ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں مجموعی طور پر 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تمام میچز میں بھارتی ٹیم فتح یاب رہی، 1992 ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ پاک بھارت ٹاکرا ہوا جس میں بھارتی ٹیم نے 43 رنز سے کامیابی حاصل کی، 1996 ورلڈکپ میں دوسری مرتبہ دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا

جس میں بھارتی ٹیم 39 رنز سے فتح یاب رہی، 1999 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں تو اس میں بھی گرین شرٹس کو 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2003 کے ورلڈکپ میں بھارت نے با آسانی پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا، 2011 ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا تاہم بھارتی ٹیم 29 رنز سے کامیاب قرار پائی، 2015 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گرین شرٹس کے خلاف 76 رنز سے فتح پائی، 2019 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے زیر کیا تھا جبکہ رواں 2023 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر مجموعی طور پر ورلڈکپ مقابلوں میں گرین شرٹس کے خلاف آٹھ مرتبہ ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔