بھارت کا 13 ویں آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان

142
BCCI
BCCI

نئی دہلی۔5ستمبر (اے پی پی): بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)نے 13ویں آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر اجیت آگرکرمطابق روہت شرما ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ہاردک پانڈیا ان کےنائب ہوں گے۔

لوکیش راہول اور شریاس آئیرنے حال ہی میں اپنی طویل مدتی انجری سے نجات پانے کے بعد 50 اوور کے فارمیٹ میں واپسی کی ہے۔سوریہ کمار یادیو کو ون ڈے سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ تلک، سیمسن اور پرسدھ کرشنا 15 رکنی سکواڈ میں جگہ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ پرسدھ کرشنا نے طویل انجری مسائل سے نجات پائی تاہم سلیکٹرز نے ان کو بھی سکواڈ میں منتخب نہیں کیا لیکن جسپریت بمراہ کو منتخب کیا گیا۔

چیف سلیکٹر اجیت آگرکر نے کہا کہ لوکیش راہول کے اب مکمل طور پر فٹ ہونے کے بعد انہیں ورلڈ کپ سکواڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز ایشیا کپ کے سپر 4 میچوں کے انتخاب کے لیے ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جسپریت بمراہ کے ساتھ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے علاوہ محمد شامی، محمد سراج اور شاردول ٹھاکر فاسٹ بائولنگ کے شعبے میں شامل ہیں۔

شاردول ٹھاکر کو بھی فائنل 15 میں شامل کر لیا گیا ہے ۔یوزویندر چہل جو ایشیا کپ کے لیے بھی ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے تھے کو بدستور سائیڈ لائن رکھا گیا ہے۔کلدیپ یادو کو واحد کلائی سپنر کے طور پر سکواڈ میں جگہ دی گئی ہے ،رویندر جڈیجہ اور اکسر پٹیل ان کے ساتھی ہوں گے ۔

ایشان کشن بھی سلیکٹر کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ 13 ویں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023کے لئے اعلان کردہ 15 رکنی بھارتی سکواد میں روہت شرما ٹیم کو لیڈ کریں گے اور ہاردک پانڈیا ان کے نائب ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، لوکیش راہول، ایشان کشن، سوریہ کمار یادیو، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد شامی اور محمد سراج شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم 13 ویں آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023میں اپنی مہم کا آغاز 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گی جو چنائی میں کھیلا جائے گا۔