24.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومتازہ ترینبھارت کو اپنی جارحیت کی فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے...

بھارت کو اپنی جارحیت کی فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا، ہم نے کئی گنا بڑے دشمن بھارت کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جس سے دشمن چیخ اٹھا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی سلامتی، ملکی سالمیت اور علاقائی خود مختاری کا تحفظ اور دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنی جارحیت کی فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا، ہم عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیں گے، پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں اپنی برتری دشمن پر ایک مرتبہ پھر ثابت کی ہے، ہم نے کئی گنا بڑے دشمن بھارت کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جس سے دشمن چیخ اٹھا، بھارت پاکستان پر حملے سے ہماری توجہ دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچانے سے نہیں ہٹا سکتا، پوری قوم دفاع وطن کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ لشکر جرار بن کر لڑنے کیلئے تیار کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہو گا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ یہ بہادروں کی وہ قوم ہے جو اپنے عزم میں فولادی ہے جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے شاہینوں نے فضائوں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے جن پر انہیں غرور تھا، وہ راکھ، ملبہ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں،

ایک شہید بچے ارتضیٰ عباس کے جنازے میں شرکت کی ہے، اس کی عمر سات سال تھی، اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ گھر پر تھا اور حملے میں شہید ہو گیا، ننھا منا پھول کھلنے سے پہلے ہی مرجھا گیا، شہادت کے بلند رتبے پر فائز ہوا، ایسے ہی دیگر عظیم پاکستانی شہداء کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پورا پاکستان ان شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیں گے، یہ وہ بزدل دشمن ہے جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ رات ہم نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے، آج پوری قوم اپنی بہادر افواج کی جرأت اور دلیری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ایک گھنٹے پر محیط فضائی جنگ میں پاکستانی پائلٹوں نے اپنی سرحدی حدود میں رہتے ہوئے اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور بے مثال شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیئے، اس معرکہ میں پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں اپنی برتری دشمن پر ایک مرتبہ پھر ثابت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ نوید اشرف سمیت افواج پاکستان کے ہر سپاہی اور افسر کو سلام پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو آپ پر فخر اور ناز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر حملہ بے بنیاد اور بلاجواز ہے، امن پسند ملک کے طور پر پاکستان نے اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ، شفاف اور معتبر تحقیقات کی پیشکش کی تھی جس کی دنیا بھر نے بھرپور تائید کی لیکن بھارت نے عالمی قانون اور بین الاقوامی تقاضوں کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر ایک مسلمہ تنازعہ تھا، ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ، غیر جانبدارانہ ماحول میں حق رائے دہی نہیں مل جاتا، بھارت جتنے یکطرفہ فیصلے کر لے مگر اس سے حقیقت کبھی نہیں بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پاکستان ہے،

blatant mistake

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانیں پیش کی ہیں، 152 ارب ڈالر کے مالی نقصانات برداشت کئے ہیں، یہ بھارت کی خام خیال ہے کہ اس کی موجودہ مہم جوئی دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ سے ہماری توجہ ہٹا سکے گی، ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت، سالمیت اور دفاع کیلئے پاک فوج اور عوام یک جان اور دو قالب ہیں، 24 کروڑ پاکستانی اپنی بہادر افواج کے ساتھ ایک جری لشکر بن کر دشمن کا مقابلہ کریں گے اور باطل کو شکست فاش دیں گے، آپ کی وطن کی سالمیت کیلئے عزم و ہمت اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، آپ سچائی کیلئے لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن پاک کی آیات سے کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594187

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں