اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی)حریت رہنماءیاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کی آڑ میں کشمیریوں کا قتل عام اور خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔جمعہ کو وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تشدد کا شکار افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک ڈیتھ سیل میں ہیں، بھارت کو دنیا میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے،کورونا کی آڑ میں بھارتی فورسز کشمیری خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا رہی ہیں،کورونا وائرس کی آڑ میں کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے،کشمیری نوجوان اور خواتین کو بھارتی فورسز گھروں سے اٹھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ستر سالوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں،کشمیر میں سکول جاتے بچوں کو پیلٹ کا نشانہ بنایا جاتا ہے،کشمیر میں اٹھارہ ماہ کی ننھی بچی کو پیلٹ کا نشانہ بنایا گیا۔مشعال ملک نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن اور کرفیو کے باعث کشمیری بچوں میں نفسیاتی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں،دنیا سے اپیل ہے مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔