اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):دفاعی تجزیہ نگاروں نے بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں شہری آبادی پر میزائل حملے کے منہ توڑ جواب پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کو فوری اور موثر جواب نے شکست خوردہ کردیا،وہ عسکری اور اخلاقی دونوں محاذوں پر بری طرف پسپا ہوا ہے،پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بدھ کو بھارت کے پاکستان اور آزادکشمیر میں سول آبادی پر حملوں پر ردعمل میں ریٹائرڈ ایئر کموڈور خالد چشتی نے کہا کہ حملے کے فوری بعد پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیارے مار گرا کر اپنا حساب برابر کردیا،سول آبادی پر بھارتی حملے کے بعد پاک فضائیہ نے اس کے 6 جہاز تباہ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو فوجی سے زیادہ اخلاقی شکست ہوئی ہے کیونکہ وہ کئی دنوں سے قوم کو تیار کررہا تھا،اسے شرمندگی اور ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔ تجزیہ نگار ماریہ سلطان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیاگیا ،بھارتی انفنٹری کا بریگیڈ تباہ کردیا گیا،یہ شروعات بھارت نے کی اسے کہاں تک لے جانا ہے یہ فیصلہ پاکستان کرے گا۔دفاعی تجزیہ نگار بابر علائوالدین نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں مساجد اور سول آبادی کو نشانہ بنایا اور بدلے میں 6 جہاز گنوائے،لائن آف کنٹرول پر اس کی کئی پوسٹیں تباہ ہوئیں
جن میں سے کئی 70 سال سے بنی ہوئی تھیں،اس شکست پر بھارتی حکمران اپنی قوم کو منہ نہیں دکھا سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کا مورال بہت گر گیا ہے،انہیں اب فیس سیونگ نہیں ملے گی،انہیں سفارتی سطح پر بھی بری طرح شکست ہوئی اور اب فوجی سطح پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ایک رات میں بھارتی فضائیہ کا جس قدر نقصان ہوا ہے اتنا نقصان جنگوں میں بھی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی خبر دار کیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے،پاک فوج نے پروفیشنل اور اخلاقی کامیابی حاصل کی ہے۔بریگیڈئیر ریٹائرڈ نادر میر نے کہا کہ بھارت کو سفارتی سطح پر،یواین اور دیگر دوست ممالک نے بھی سپورٹ نہیں کیا ،اس کی کوشش تھی کہ یہ ممالک سفارتی سطح پر پاکستان کو جوابی کارروائی سے روکیں،تاہم بھارتی ایئرفورس کو رات کو ہی جواب مل گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593736