سانگلہ ہل ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاہے کہ بھارت کو کشمیر میں لشکر کشی اور عوام پر ظلم و جبر کا جواب دینا ہو گا، مودی کے بیان کی، کشمیر اور بلوچستان کے علاوہ پورے پاکستان کی عوام نے سخت مذمت کی ہے۔ سانگلہ ہل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا بیان سفارتی آداب کے خلاف ہے اور ان کے اس بیان سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور بدامنی کرا رہا ہے۔ اب بین الاقوامی برادری کو مزید ثبوت ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے عمل میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی دخل اندازی برداشت نہیں کرے گی۔ مودی سرکاری بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کی المناک صورتحال سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔