اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قوم کے اتحاد اور پاکستانی قیادت کی موثرحکمت عملی کی بدولت پاکستان نے حالیہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، بھارت کھیل کے میدان میں معرکہ حق میں شکست کا داغ دھونے کی ناکام کوشش کررہا ہے، بھارت نے سپورٹس مین سپرٹ کو پس پشت ڈال کر پست ذہنیت کا ثبوت دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں …
بھارت کھیل کے میدان میں معرکہ حق میں شکست کا داغ دھونے کی ناکام کوشش کررہا ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قوم کے اتحاد اور پاکستانی قیادت کی موثرحکمت عملی کی بدولت پاکستان نے حالیہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، بھارت کھیل کے میدان میں معرکہ حق میں شکست کا داغ دھونے کی ناکام کوشش کررہا ہے، بھارت نے سپورٹس مین سپرٹ کو پس پشت ڈال کر پست ذہنیت کا ثبوت دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوراولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام منعقدہ دوسرے انٹر-میڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بیشمار چیلنجز کے باوجود پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جنرلسٹ ایوسی ایشن کے زیر اہتمام کرکٹ میچ میں شرکت کی ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے نیشنل کرکٹ گراؤنڈ ایف سیون میں میچ دیکھا اور بطور مہمان خصوصی میچ میں حصہ لینے والے صحافیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صحافتی تنظیم کھیلوں کے فروغ کے لئے جو اقدامات کررہی ہے وہ قابل تحسین ہیں۔ بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح بے مثال ہے، بھارت کا ہم سے کئی گنا زیادہ دفاعی بجٹ ہے لیکن پھر بھی ہم نے اسے شکست دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل پوری دنیا میں ایک ایسا شعبہ ہے جو سیاست سے ہمیشہ پاک رہا ہے لیکن بھارت نے اسے بھی سیاسی بنانے کی کوشش کی، بھارت نے سپورٹس مین سپرٹ کو پس پشت ڈال کر پست ذہنیت کا ثبوت دیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے مزید کہا کہ کھیل کے میدان میں بھارت کے اس غیرمہذب رویے سے اس کی اپنی عزت مزید کم ہوئی، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کھیل کے میدان میں معرکہ حق میں شکست کا داغ دھونے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور وہ پیشہ وارانہ طریقے سے اپنا کردار نبھارہا ہے، ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ اسلام آباد میں کرکٹ کے میدانوں کو آباد کیا جائے، حال ہی میں جسطرح سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن نے سپورٹس کی سہولیات کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔








