اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی امن، اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ہارون اختر خان نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیاں خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانا اور بے گناہ جانوں کا ضیاع ایک کھلی جارحیت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دے رہی ہیں اور ہر سطح پر دفاع وطن کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔