25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومتازہ ترینبھارت کی جانب سے پاکستانی ٹی وی چینلز اور صحافیوں کے یوٹیوب...

بھارت کی جانب سے پاکستانی ٹی وی چینلز اور صحافیوں کے یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بند کرنے کے اقدام پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ملکی میڈیا اداروں اور صحافیوں سے ٹیلیفونک رابطہ، قومی بیانیے کے موثر دفاع پر خراج تحسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے پاکستانی ٹی وی چینلز اور متعدد صحافیوں و اینکر پرسنز کے یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بند کرنے کے اقدام پر ملکی میڈیا اداروں، صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور قومی بیانیہ کے موثر دفاع اور بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستان کے موقف کو دنیا کے سامنے مدلل انداز میں پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی شرمندگی اور خفت چھپانے کے لیے پاکستانی چینلز پر پابندیاں عائد کیں لیکن ان اقدامات سے حقائق دبائے جا سکتے ہیں نہ ہی پاکستان کا موقف دنیا سے چھپایا جا سکتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا موثر جواب دیا اور عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا موقف واضح انداز میں پیش کیا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان ان میڈیا اداروں اور صحافیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی جو قومی وقار کو بلند کرنے اور بیانیے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر اس آواز کی حوصلہ افزائی کرے گی جو ملک کی سالمیت، وقار اور قومی بیانیے کی ترویج میں معاون ہو۔ عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ بھارتی حکومت کا پاکستانی ٹی وی چینلز اور یوٹیوب پلیٹ فارمز پر قدغن لگانا صحافت کے عالمی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے کو متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر بھی اٹھائے گی تاکہ دنیا بھارتی قدغنوں سے آگاہ ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی مفادات کو ترجیح دی اور انتہائی متوازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں اور اینکر پرسنز نے پیشہ ورانہ دیانتداری سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور ان کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589193

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں