37.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںبھارت کی ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی مداخلت ناقابل برداشت...

بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی مداخلت ناقابل برداشت ہے ،ایوان بالا کے اجلاس میں اراکین کا اظہار خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی مداخلت ناقابل برداشت ہے، ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں اراکین نے کیا ۔ اراکین نے خضدار میں معصوم بچوں پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے بھارتی پشت پناہی حاصل ہے۔ سینیٹرز نے زور دیا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے اور بلوچستان میں بدامنی کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے،معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے، دہشتگردوں کو سخت ترین انجام تک پہنچانا ہوگا۔

سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہااب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کی پشت پناہی کی ہے، اور وہ دہشتگردوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت ایک طرف کلبھوشن جیسے دہشتگرد بھیجتا ہے اور دوسری طرف یہاں شدت پسند عناصر کی پرورش کرتا ہے۔ یہ کیسی ناراضگی ہے کہ حقوق کے نام پر معصوم بچوں کو ذبح کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے بلوچستان میں سکیورٹی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو کچلنا ہوگا، اس پر دو رائے نہیں ہونی چاہئیں۔ معصوم بچوں کا خون بہانے والوں کی گردنیں اڑا دینی چاہئیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سبق مل چکا ہے کہ وہ پاکستان کو زیر نہیں کر سکتا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور خضدار کے المناک واقعے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے آپریشن سندور میں پاکستان کی عسکری قیادت اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کا غلط اندازہ لگایا، جس کا اسے واضح اور فیصلہ کن جواب ملا۔انہوں نے کہا کہ بھارت شکست کے بعد ایک بار پھر اپنی اسپانسرڈ دہشتگردی کی پالیسی پر واپس آ چکا ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں نے خضدار میں سکول بس کو نشانہ بنا کر معصوم بچوں کو شہید کیا، جو ایک سفاک اور بزدلانہ اقدام ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی جاسوس پاکستان کی سرزمین پر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، جو بھارت کی دہشتگردی میں براہ راست ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔سینیٹر درانی نے کہاکہ بھارت اور بی ایل اے نے سکول بس پر حملے کو آرمی بس پر حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی، تاکہ اپنے گھناؤنے جرم پر پردہ ڈال سکیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آنکھیں کھولے اور دیکھے کہ اصل میں دہشتگردی کون کر رہا ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاکہ بھارت نے ہمارے بچوں پر ایک بار پھر انتہائی گھٹیا طریقے سے حملہ کیا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نےکہاکہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو اس کی حدود میں جا کر نشانہ بنایا۔سینیٹر واوڈا نے کہاکہ یہ جنگ ہم نے صرف بارڈر پر ہی نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی جیتی ہے۔ ہر سطح پر پاکستان کا مؤقف سرخرو ہوا۔

انہوں نے زور دیا کہ اب حکومت کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرے تاکہ قومی اتحاد کو برقرار رکھا جا سکے۔سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم دفاعی بجٹ کو بڑھائیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے بجائے اپنے دفاعی نظام پر دوگنا خرچ کریں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600072

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں