بھارت کی طرف سے کرتار پور اجلاس کے لئے پاکستانی صحافیوں کو ویزہ نہ دینا افسوسناک امر ہے، ترجمان دفتر خارجہ

83

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستانی صحافیوںکو ویزہ نہ جاری کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جو آج (14 مارچ کو) اٹاری، بھارت میں کرتار پور راہداری پر منعقد ہونے والی اجلاس کی کوریج کرنے کے خواہاں تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ بھارت نے کرتار پور اجلاس کے لئے پاکستانی صحافیوں کو ویزہ نہیں دیا۔ ترجمان نے یاد دلایا کہ پاکستان نے گزشتہ برس کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب کی کوریج کے لئے 30 بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی صحافیوں نے پاکستان میں قیام کے دوران وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج (جمعرات کو) ہونے والا اجلاس دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لئے تبدیلی کا حامل ہوگا۔