بھارت کی عالمی ہزیمت مسلسل جاری ، امریکا نے بھارت کو پس پشت ڈال دیا

بھارت کو سفارتی محاذ پر چیلنجز، امریکا کی پالیسی میں تبدیلی کی اطلاعات

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):بھارت کی عالمی ہزیمت مسلسل جاری ہے ،امریکا نے بھارت کو پس پشت ڈال دیا ۔

تفصیلات کے مطابق نام نہاد وشو گرو کے دعویداربھارت عالمی منظر نامے میں اپنی ساکھ کی تباہی کے بعد مکمل طور پر تنہا ہو چکا ہے ، نام نہاد وشو گرو کے دعویداربھارت کو سفارتی محاذ پر مسلسل دھچکوں کے باعث عالمی سطح پر تنہائی اور تزویراتی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، امریکا نے بھارت کا جنوبی ایشیا ء میں سکیورٹی کا بیڑہ اٹھانے اور نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر بننے کا خواب چکنا چور کر دیا ۔ بھارتی جریدہ فرسٹ پوسٹ کے مطابق انڈو پیسفک سے پیسفک تک ، بھارت کی عالمی تنہائی میں اضافہ ہوتا جا رہاہے، بھارت کی امید کہ امریکا مضبوط اتحادی ہو گا اچانک ختم ہوتی نظرآ رہی ہے ۔ فرسٹ پوسٹ کے مطابق امریکا اب بھارتی سمندر، بھارت اور اس کی نام نہاد سٹریٹجک پارٹنرشپ سے دور ہو رہا ہے ۔بھارت کا خیال تھاکہ چین کے خلاف ان کا امریکا کے ساتھ اتحاد فطری ہے مگر حالات بالکل اس کے برعکس ہو چکے ہیں ۔ امریکی عہدیدارنائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے کہا تھا کہ امریکا بھارت کواس حد تک معاشی مواقع نہیں دینا چاہتا کہ مستقبل میں بھارت امریکی صنعت اورتجارت کیلئے بڑا حریف بن جائے ۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست نے بھارت کے "نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر” ہونے کے دعوؤں کی حقیقت دنیا کے سامنے آشکار کر دی ہے، پاکستان اپنےمؤثر علاقائی کردار اور سٹریٹجک اہمیت کے باعث عالمی منظرنامےمیں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔