بھارت کی فائرنگ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، صدر مملکت

101

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں فوجی جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے اور وہ کسی ملک سے تصادم نہیں چاہتا لیکن اگر جارحیت ہوئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں اور وہ ایسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ پیر کو ایوان صدر کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی افواج مسلسل سرحدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا مقصد مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے جہاں روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے جن میں بچے، جوان، بوڑھے اور عورتیں شامل ہیں۔