بھارت کی ٹیم آئندہ ماہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 2ٹیسٹ ، 3ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی

133
بھارت کی ٹیم آئندہ ماہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 2ٹیسٹ ، 3ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی

نئی دہلی ۔16جون (اے پی پی):بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)کے اعلامیے کے مطابق بھارت کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی ۔بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف ایک 2ٹیسٹ ، تین ایک روزہ بین الاقوامی اورپانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 12 جولائی سے ہوگا یہ میچ ونڈسر پارک، روزو، ڈومینیکا میں کھیلا جائے گاجبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 سے 24 جولائی تک کوئینز پارک اوول، پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 27 جولائی کو بارباڈوس میں ہوگا ،دوسرا ون ڈے میچ 29 جولائی کو بارباڈوس جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ یکم اگست کو ٹرینیڈاڈ میں شیڈول ہے۔

ون ڈے سیریز کے اختتام پر بھارتی ٹیم ٹرینیڈاڈ میں ہی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 3اگست کو کھیلے گی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 6 اور 8 اگست کو گیانا میں کھیلے جائیں گے ۔چوتھا ٹی ٹونٹی میچ 12جولائی کو سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاڈر ہل، فلوریڈا میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ اسی مقام پر 13اگست کو کھیلا جائے گا۔