بھارت کی پانی روکنے کی دھمکی پلوامہ واقعہ کی طرح کلبھوشن کیس میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، فیصل واوڈ

74

اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بھارت کی پانی روکنے کی دھمکی پلوامہ واقعہ کی طرح بھارتی جاسوس دہشت گرد کلبھوشن کیس میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی نہیں روک سکتا۔ ان کا خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو بھارت کی طرف سے پاکستان کا پانی روکنے سے متعلق بیان پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی نہیں روک سکتا، پانی روکنے کی دھمکی مضحکہ خیز اور فضول خیز بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اپنے آ ئندہ الیکشن کے پیش نظر الزام تراشی کر رہی ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبر دار کیا کہ یہ نیا پاکستان ہے بھارت جان لے، بھارت جنگ کے نتائج سے باخبر رہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ بہادر پاکستانی افواج بھارت کو بھرپور جواب دیں گی، بھارت کا جنگی جنون اس کو کوئی فائدہ نہ دے گا۔ انہوں نے کہاکہ ، بھارت اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرا سکتا۔