اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ رویے اور اقدامات کے خلاف پوری پاکستانی قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال انتہائی اہم معاملہ ہے، اس صورتحال پر تمام اراکین کو اپنی آراء پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت کے اقدامات اور جارحانہ رویے کے خلاف پوری پاکستانی قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے اور عالمی سطح پر یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اس معاملے پر ہم سب متحد ہیں۔