24.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومقومی خبریںبھارت کے جواب میں پاکستان نے6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو عالم...

بھارت کے جواب میں پاکستان نے6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا، انجینئر امیر مقام کا یومِ تشکر اجتماع سے خطاب

- Advertisement -

میرپور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان, سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا، الحمد للہ یہ شرف مسلم لیگ (ن) کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا کہ جس نے تمام تر یکطرفہ عالمی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر یہ جراتمندانہ قدم اٹھایا اور اب افواج پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں قوم کا سر فخر سے بلندکر دیا جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر کے زیر اہتمام کھڑی شریف میر پور آزاد جموں کشمیر میں یوم تکبیر کے موقع پر ایک بہت بڑے عوامی ’’معرکہ حق‘‘ یومِ تشکر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام آزاد جموں و کشمیر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ اس بڑے عوامی’’معرکہ حق‘‘ یومِ تشکر اجتماع کا اہتمام یوم تکبیر کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر مرکزی رابطہ سیکرٹری چوہدری رخسار احمد نے کیا تھا۔جلسہ سے وفاقی وزیر کے علاوہ آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے بھی خطاب کیا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک پیش کرتا ہوں، آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔

الحمد للہ یہ شرف مسلم لیگ ن کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہوا کہ جس نے تمام تر یکطرفہ عالمی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر 28 مئی 1998کو بھارتی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا۔ یومِ تکبیر کے ساتھ ساتھ ’’معرکہ حق یومِ تشکر‘‘بھی منایا گیا تاکہ ملک کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور استقامت پر اظہارِ تشکر کیا جا سکے۔کھڑی شریف میر پور آزاد جموں کشمیر میں یوم تکبیر کے موقع پر ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پاک افواج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار عسکری کامیابی پر ہم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے، اور ہمیں جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اپنے دفاع کا حق ہر حال میں محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے پاک افواج کی جرات و پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے دشمن کو موثر جواب دے کر عسکری تاریخ میں نیا باب رقم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں قوم نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران غیرمعمولی اتحاد اورعزم کا مظاہرہ کیا۔ میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور افواج پاکستان کے تمام افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ریاست آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔

امیر مقام نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

جنگ جیسی صورتحال میں لائن آف کنٹرول کشمیر جاکر وہاں کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی، میں نیلم میں تھا کہ مجھے کالز آئیں کہ آپ یہاں سے نکل جائیں۔ امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کے لوگ جذبے سے سرشار ہیں اور پاکستان اور پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، یہ جذبہ ناقابل شکست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے جذبے اور پاکستان کے ساتھ محبت کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اور بھارت کے درمیان یہی فرق ہے، ہمارے لوگ پاک فوج سے محبت کرتے ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو ہر شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

امیرمقام نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے، جیسے ہمارے آبا و اجداد نے کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کیا تھا، ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہم ملک کی حفاظت کے لیے شہید ہوں یا غازی بنیں۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام آزاد جموں و کشمیر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، وفاقی وزیر کو راستے میں کئی مقامات پر پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ ان کے استقبال کے لیے جمع تھے۔

روایتی مہمان نوازی اور جوش و خروش کے اظہار کے طور پر تقریبا ًدو درجن گھڑسواروں نے استقبال کے جلوس کی قیادت کی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور مقامی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا، جنہوں نے پارٹی کے جھنڈے لہرائے اور وطن سے محبت کے نعرے لگائے، جن میں پاکستان زندہ باد، وزیراعظم شہباز شریف زندہ باد، اور پاک فوج زندہ باد "انجینئر امیر مقام زندہ باد” شامل تھے۔ کارکنان سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے تھے اور قومی یکجہتی و مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ مقامی قیادت نے وفاقی وزیر کو علاقے کی ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے ان کی وابستگی پر سراہا۔

میزبان جلسہ کھڑی شریف میرپور مرکزی رابطہ سیکرٹری چوہدری رخسار احمد , شاہ غلام قادر صدر مسلم لیگ (ن) آذادکشمیر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ، مرکزی جنرل سیکرٹری طارق فاروق، مرکزی نائب صدر چوہدری سعید، نجیب نقی ، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری افتخار گیلانی، ذوالفقار علی ملک ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ( ن), ضلعی صدر جاوید قادر, امیدوار اسمبلی عظیم بخش، امیدوار اسمبلی مسعود خالد، مرکزی چیرمین رابطہ بورڈ سردار طارق، کوآرڈینیٹر ہیلتھ سردار امتیاز اور فاتح محمود کیانی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے شرکاء کو یوم تکبیر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے دلیرانہ فیصلے اور ایٹمی دھماکوں پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری رخسار احمد اور شاہ غلام قادر نے بھی خطاب کیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602527

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں