21.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومتازہ ترینبھارت کے حالیہ اقدامات ،جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشت...

بھارت کے حالیہ اقدامات ،جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشت گردی کے خلاف کوششوں سے ہٹانا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی یو اے ای کے سفیر سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کو بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سےجوڑنے کی مذموم کوششوں میں ہندوستان کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اس واقعہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کی عفریت سے نمٹ رہا ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات اور اس کے جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں سے ہٹانا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لئے غیرمتزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم نے پہلگام واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ امن و امان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے کیونکہ وہ خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ گزشتہ برسوں میں 90,000 اموات اور 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کے معاشی نقصانات کے حوالے سے بے پناہ قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کی عفریت سے نمٹ رہا ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات اور اس کے جارحانہ انداز کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں سے ہٹانا ہے۔

وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کی مذموم کوششوں میں ہندوستان کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس واقعہ کی قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ بحران پر اپنا موقف پیش کرنے کے لئے دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کر رہا ہے،اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کی حکومت کی توجہ گزشتہ 15ماہ کےدوران سخت محنت سے حاصل کئے گئے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہے جو متحدہ عرب امارات سمیت دوست ممالک کی حمایت سے ممکن ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی ایسا اقدام نہیں کرے گا جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو۔اس سلسلے میں وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ہندوستان کو مائل کریں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کا موقف شیئر کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591363

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں