بھارت کے خلاف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے، افتخار احمد

175

ملتان۔30اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہمارے لئے ہر میچ اہم ہوتا ہے، بھارت کے خلاف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ بدھ کو نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی مرتبہ سنچری ہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ون ڈے کی پہلی سنچری سکور کرنے پر بہت خوش ہوں، میچ کی صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب میں وکٹ پر آیا تو وکٹ مشکل لگ رہی تھی تاہم ٹائم گزرنے کے ساتھ ساتھ وکٹ بہتر ہوتی گئی۔کافی طویل عرصہ بعد مجھے پوری بیٹنگ کا موقع ملا، زیادہ تر مجھے 35 یا 40 اوورز کے بعد بیٹنگ کا موقع ملا۔ نمبر چھ پر سنچری سکور کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، اس لئے ہارڈ ہٹنگ پر زیادہ زور دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سنچری آسان نہیں ہوتی، نیپال بھی کوالیفائنگ رائونڈ میں فتح کے بعد یہاں آیا ہے، نیپال کی ٹیم اچھی ہے۔ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، جب آپ کا ساتھی رنز کر رہا ہوں تو بیٹنگ آسان ہو جاتی ہے۔