کولمبو۔23جولائی (اے پی پی):سری لنکا نے بھارت کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا، چارتھ اسالنکا ٹیم کی قیادت کریں گے، تجربہ کار بلےباز دنیش چندی مل نے سکواڈ میں واپسی کی ہے جبکہ 21 سالہ آل رائونڈر چمندو وکرماسنگھے سیریز میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کرنے والے ونیندو ہسارنگا کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد چارتھ اسالنکا کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گے، اس سے قبل وہ دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں ۔ چارتھ سری لنکا انڈر19 کے کپتان بھی رہ چکے ہیں جبکہ لنکا پریمیئر لیگ فرنچائز جافنا کنگز کے کپتان ہیں۔
تجربہ کار بلے باز 34 سالہ دنیش چندی مل تقریبا دو سال بعد ٹی ٹونٹی کرکٹ میں واپسی کی ہے۔ کینڈی سے تعلق رکھنے والے آل رائونڈر چمندو وکرماسنگھے نے بھی لنکا پریمیئر لیگ میں اچھی پرفارمنس سے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ بھارت کے خلاف سری لنکن سکواڈ میں کپتان چارتھ اسالنکا، پاتھم نسانکا، وکٹ کیپر کوسل پریرا، اویشکا فرنیندو، کوسل مینڈس، کمندو مینڈس، داسن شنکا، ونیندو ہسارنگا، دنیتھ ویلالاگے، ایم تھیکشانا، وکرماسنگھے، ایم پاتھی رانا، نوان تھوشارا، ڈی چمیرا، بنورا فرنینڈو اور دنیش چندی مل شامل ہیں۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 27 جولائی سے پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔